• news

تجاوزات کیخلاف کارروائیاں جاری‘ 35 لاکھ 94 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرالی: ریلوے حکام

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان ریلوے نے انسداد تجاوزات کی جاری کارروائیوں کے دوران 1694 سے زائد مقدمات درج کئے اور 1830 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔ پاکستان ریلوے حکام نے اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ تجاوزات کی روک تھام کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لائے جارہے ہیں اور تقریباً 1179 مقدمات میں تجاوزات مافیا کو سزائیں دی گئی ہیں جبکہ 35 ملزمان بری ہو گئے اور 61 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف رپورٹ درج کی جاتی ہے اور مقدمات ریلوے جوڈیشل مجسٹریٹس کو بھجوائے جاتے ہیں۔ تیز رفتار ٹرائل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ ایک سوال پر ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے نے 6500 ایکڑ ریلوے اراضی ملک بھر میں لیز پر دے رکھی ہے جس سے محکمہ کو اضافی محصولات مہیا ہوتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ریلوے نے رواں سال 4653.917 ملین روپے ریونیو حاصل کئے جو گزشتہ چار برس کے دوران 1578.136 ملین روپے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 3594.488 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن