اسرائیلی پولیس نے یہودی آباد کاروں کے بچوںکو بھی اسلحہ کی تربیت شروع کر دی
رملہ (صباح نیوز) اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینی پر سفر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید 27 فلسطینیوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ادھر اسرائیلی پولیس نے یہودی آبادکاروں کے بچوں کو بھی اسلحہ کے استعمال کی تربیت دینا شروع کردی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین میں یہودی آباد کاروں کے بچوں کو اسلحہ چلانے کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے، کئی علاقوں میں یہودیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے بچوں کو پولیس کی طرف سے جنگ کے طریقے اور اسلحہ چلانا سکھایا جا رہا ہے ، اسرائیلی پولیس کی طرف سے القدس میں بیت شمیس یہودی کالونی میں اوپن ڈے کے عنوان سے ایک دن مقرر کیا گیا جس میں کم عمر یہودیوں کو اسلحہ سکھانے اور ان میں جنگ کا شوق پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔