دھرناگروپ نے قوم کو پریشان کیا، انتخابات میں عوام ان کی نینداڑادینگے :شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف 22 کروڑ عوام کی خوشحالی کی سیاست کی گنجائش ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ملک کی ترقی کے ایجنڈا کو رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھایا ہے۔ دھرنا گروپ نے صرف جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کی ہے۔ باشعور عوام بہتان تراشیاں کرنے والوں سے متنفر ہو چکے ہیں۔ ان عناصر کو 2013ء کے انتخابات میں شکست ہوئی اور 2018ء میں بھی ناکامی ان کا مقدر ہے۔ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں نے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان عناصر نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی ہے۔ عوام ایسے عناصر کو آئندہ الیکشن میں بھی مسترد کردیں گے۔باشعور عوام خدمت، امانت اور دیانت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس اور شفاف معاشی پالیسیوں کے باعث ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت بحال ہوئی ہے اور ہماری حکومت نے قومی وسائل کا بہتر ین استعمال کر کے مفاد عامہ کے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے ہیں۔ صنعتی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ محفوظ، روشن اور معاشی طور پر مضبوط ہے‘ محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کا مشن پوار اکریں گے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی۔ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شاندار اقدمات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیںجبکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو اپنے عزائم میں ناکامی ہوئی ہے۔ عوام میں مایوسی پھیلانے والے گروپ خود ما یوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔ان عناصر نے5برس تک عوام کا وقت ضائع کیا اورترقی کے سفر کو روکنے کی کاوشیں کیں۔ آئندہ انتخابات میں با شعورعوام ان عناصر کو ایک بار پھر مسترد کر دیں گے اور عام انتخابات میں شکست سے ان عناصر کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دم توڑ جائے گی‘ بے بنیاد الزامات لگانے والے ملک وقوم کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ان عناصر کو اپنی اس منفی روش کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیازی اورزرداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ایک نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کیا جبکہ دوسرے نے کراچی سمیت سندھ کو برباد کر کے رکھ دیا ۔دھرنوں، انتشار اور احتجاج کے ذریعے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے۔جھوٹ اور بہتان تراشی کی منفی سیاست کے علمبر دار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ان عناصر نے ہمیشہ عوام کی تکالیف اور عوام کے مسائل بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ دھرنا گروپ نے عوام کو پریشان کیا اور آئندہ عام انتخابات میں عوام ان کی نیندیں اڑائیں گے۔ اپنے دور حکومت میں توانائی منصوبوں کو نظرانداز کرکے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔ ان سابق کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک پر غربت، افلاس اور جہالت کے اندھیرے چھائے رہے۔ یہی عناصر ایک بار پھر اقتدار حاصل کرکے وسائل کی لوٹ مار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔عوام ان سابق حکمرانوں کی کرپشن کو ابھی تک بھلا نہیں پائے،اس لئے یہ کرپٹ عناصر دوبارہ قومی وسائل پرہاتھ صاف کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔