• news

علی ظفر کا نوٹس موصول‘ میشا شفیع نے قانو نی جنگ کیلئے وکلا کی خدمات حاصل کرلیں

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے) اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کا مقدمہ قانونی طور پر لڑنے کے لئے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں۔ ایک دن قبل ہی علی ظفر نے گلوکارہ کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔ میشا شفیع نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ انہوں نے کیس لڑنے کے لئے وکلاء کی خدمات حاصل کرلیں۔ ان کا کیس محمد احمد اور ڈیجیٹل رائٹس کی سماجی کارکن نگہت داد لڑیں گی۔ ساتھ ہی میشا شفیع نے میڈیا سے درخواست کی ان کے اور علی ظفر کے درمیان ہونے والے معاملے کی کوئی بھی تازہ صورتحال جاننے کے لئے ان کی قانونی ٹیم سے رابطہ کیا جائے۔ وکیل احمد پنسوتا نے کہا ہے کہ معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ہر پہلو سے جائزہ لیں گے۔ ابھی تو سوشل میڈیا وار ہی ہو رہی ہے۔ دوسری طرف سے قانونی معاملہ آئے گا تو اس کی روشنی میں لائحہ عمل بنائیں گے۔ میشا شفیع نے کہا ہے کہ وہ ہر فورم پر نہ صرف بھرپور جواب دیں گی بلکہ لگائے گئے الزامات کو ثابت بھی کریں گی۔ ادھر علی ظفر کی جانب سے بھیجا جانے والا لیگل نوٹس گلوکارہ میشا شفیع کو موصول ہو گیا ہے۔ علی ظفر نے تین سینئر وکلا کی وساطت سے لیگل نوٹس بھجوایا۔ وکلا میں علی ظفر کے سسر علی سبطین فضلی‘ خواجہ طارق رحیم ایڈووکیٹ اور ممبر پنجاب بار رانا انتظار شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن