دانیال عزیز کا توہین عدالت کے الزام سے انکار، سماعت 3 مئی تک ملتوی
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ میں وفاقی وزیردانیال عزیزکیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت تین مئی تک ملتوی کردی گئی۔ دانیال عزیز نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اپنی پوری زندگی عدلیہ کی آزادی کے لئے صرف کی، توہین عدالت کے الزام سے انکارکرتا ہوں۔ منگل کے روز سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت وکیل صفائی نے نجی ٹی وی کے پروڈیوسرکو بطور گواہ پیش کیا، وکیل صفائی نے گواہ سے پوچھا کہ کیا 19 دسمبر 2017 کو ٹی وی میں چلنے والای ویڈیو کلپ ایڈیٹ ہے؟ کیا اس کی تاریخ، وقت اور جگہ بتا سکتے ہیں؟ گواہ نے بتایا کہ فوٹیج 19 دسمبراورپنجاب ہاؤس کی ہے۔ دانیال عزیز کے وکیل نے گواہ سے پوچھا کہ یہ ریکارڈنگ کسی نجی فنکشن کی ہے؟کیا دانیال عزیز یا کسی اور نے اس فنکشن کو کور کرنے کے لئے آپ کو کہا تھا؟ گواہ نے جواب دیا کہ ایونٹ کورکرنے کا نہیں کہا گیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید بولے یہاں عدالت میں موجود صحافیوں سے بھی پوچھ لیں ،کیا انہیں یہاں کسی نے مدعو کیا ؟ جس پرکمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے، دانیال عزیزنے تصدیق کی کہ 8 ستمبر 2017 کی پریس کانفرنس اور15 دسمبر 2017 کونیوٹی وی پرنشرہونیوالا بیان ان کا ہے تاہم 19 دسمبر 2017 کو نجی چینل پر نشر ہونے والے اپنے بیان کے بارے میں حتمی نہیں کہہ سکتا ، کیونکہ اس پر بیپ ہے، دانیال عزیزبولے کہ اپنی پوری زندگی عدلیہ کی آزادی کے لئے صرف کی، توہین عدالت کے الزام کا انکار کرتا ہوں۔