انڈس ہائی وے کو 2023ء تک مکمل طور پر دورویہ کر دیا جائے گا
اسلام آباد (صباح نیوز) 2023 ء تک انڈس ہائی وے کو مکمل طور پر دورویہ کر دیا جائے گا۔ ڈیرہ غازی خان سے آگے چار رویہ سڑک کی تجویز ہے۔ ان خیالات کا اظہار این ایچ اے اور وزارت مواصلات کے افسران نے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کے سامنے کیا۔ مجلس قائمہ کا اجلاس، صدر نشین محمد مزمل قریشی کی صدرات میں ہوا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ کوہاٹ ٹنل کو جاپانی کمپنی نے پہلی بار تعمیر کیا تھا۔ لٰہذا خواہش ہے کہ سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے کے لئے بھی اسی کمپنی کی خدمات لی جائیں تاکہ وہ ٹنل کے دوسرے حصے کو بھی تعمیر کرے۔ مجلس قائمہ نے استفسار کیا کہ مجلس قائمہ نے فروری میں پی ایس ڈی پی کی جو منظوری دی تھی اس پر کتنا عمل درآمد ہوا۔ اس کے جواب میں این ایچ اے کے حکام نے بتایا کہ پی ایس ڈی پی حتمی منظوری کے لئے وزیراعظم کو پیش کیا گیا ہے اور امید ہے کہ ایک دو روز تک اس کی حتمی منظوری ہو جائے گی۔ مجلس قائمہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی کے نادرن بائی پاس کے منصوبے کو بھی آئندہ سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے اور اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔