• news

سردجنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتے ہیں : جنرل باجوہ‘ افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار : روسی آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) روس کی مسلح افواج کے سربراہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے ہر تجویز کا پاکستان خیر مقدم کرے گا کیونکہ افغان امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے دورہ روس کے دوسرے دن روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ویلری ویزلوچ گراسیموف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطہ میں سلامتی کے امور اور سلامتی کے شعبہ میں باہمی تعاون سمیت متعدد امور زیر غور آئے۔ جنرل گراسیموف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان سرد جنگ کے اس دور کے اثرات سے باہر نکلنا چاہتا ہے جو اب بھی جنوبی ایشیا میںموجود ہیں۔ہمارے کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں اور برابری اور احترام کی بنیاد پر علاقائی اشتراک و تعاون کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ جنرل گراسیموف نے کہا کہ روس افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ روس افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ہر اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ افغاستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو ہو گا۔
جنرل باجوہ

ای پیپر-دی نیشن