تحریک انصاف کی حکومت میں خیبر پی کے مالی و انتظامی طور پر مفلوج ہوچکا: اسفند یار
پشاور(بیورورپورٹ) اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، پارٹی کی عزت و وقار برقرار رکھنے کیلئے سینٹ الیکشن میں اپنا امیدوار کھڑا کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولی باغ چارسدہ میں اے این پی سعودی عرب کے تنظیمی عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس نے اسفندیار ولی خان کی خصوصی دعوت پر اے این پی سعودی عرب کے مرکزی صدر گل زمین خان کی قیادت میں ولی باغ کا دورہ کیا اسفندیار ولی خان نے وفد کا پر تپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا، اپنی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اے این پی نے صوبے میں پانچ سال حکومت کی اور اپنے دور حکومت میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں میں انقلابی اصلاحات کیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اگر صوبے کی حالت زار دیکھی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ خیبر پی کے مالی و انتظامی طور پر مفلوج ہو چکا ہے،تعلیم اور صحت کے شعبے وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ دیگر محکمے بھی زبوں حالی کا شکار ہیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ خزانے خالی ہو چکا ہے اور حکومت جاتے ہوئے عوام کو قرضوں کا بھاری بوجھ حوالہ کر کے جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک مسلسل کرپشن کے خاتمے کی دعوے کئے گئے جبکہ حقیقت میں سب سے زیادہ کرپشن اس حکومت نے کی اور آج نیب نے مختلف سکینڈلز میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلفیہ اقرار کرتا ہوں کہ میرے پاس وراثت کے علاوہ میرے خاندان کے کسی فرد کی کوئی جائیداد یا اثاثے ثابت ہو جائیں تو پھانسی پر چڑھنے کو تیار ہوں۔