حکومت فاقہ کش عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے سے باز رہے: خواتین رہنما
لاہور( لیڈی رپورٹر )خواتین نے نادراکی طرف سے شناختی کارڈ کی فیسوںمیں اضافہ پر شدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے اسے فوری طور پرواپس لینے کامطالبہ کیاہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سروے میںگفتگومیں اپوزیشن کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل، فائزہ ملک اور خدیجہ فاروقی نے کہاکہ غریب عوام یہ اضافہ ہرگز افورڈنہیں کرسکتے ، حکومت غریب کشی سے باز رہے اور فاقہ زدہ عوام کی جیبوںپرڈاکہ ڈالنے سے باز رہے۔ سابق وزیر مملکت مہرین انور راجہ نے کہا کہ شناختی کارڈ کی فیس میں سوفیصد اضافہ ظالمانہ اقدام ہے ، ستم بالائے ستم یہ ہے کہ اس نئی فیس کا فوری اطلاق کردیا گیا، شناختی کارڈ ہر پاکستانی کی ضرورت ہے اس کی فیس میں اضافہ سے پورے پاکستان کے عوام متاثر ہوں گے۔ ورکنگ خواتین ماریہ کوکب اور نبیلہ شاہین نے کہاکہ فیس ڈبل ہونے سے بہت سے لوگ ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم رہ جائیں گے، حکومت اپنانہیںتو غریب عوام کاتوسوچے پہلے ہی شناختی کارڈ بنوانے کے مراحل طے کرنے میںلوگوںکا بیشمار دشواریوںکاسامنا ہے۔