روس، پاکستان اور ایران کا ایشیائی ممالک کی سکیورٹی کانفرنس بلانے پر اتفاق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) روس،پاکستان اور ایران نے خطہ میں سلامتی کے نئے خطرات پر مشاورت کیلئے ایشیائی ممالک کی سکیورٹی کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔ واضح رہے کہ روس کے شہر سوچی میں سیکورٹی کے بارے میں نویں عالمی کانفرنس جاری ہے جہاں ان تینوں ملکوں کے سلامتی کے مشیروں کی مشترکہ ملاقات ہوئی۔ سفارتی ذرائع سے یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) 'ناصر خان جنجوعہ' اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری 'نکولائی پیٹروشیف' اور ایران کے مشیر سلامتی ایڈمرل علی شمخانی نے اس ملاقات کے دوران ایشیائی ممالک کی سیکورٹی کانفرنس بلانے کے طریقہ کار اور ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا. اس زریعہ کے مطابق امریکی اقدامات، بطور خاص افغانستان میں اس کی موجودگی اور مبینہ طور پر داعش کی سرپرستی کی وجہ سے خطہ کی سلامتی اور استحکام کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان مسائل سے نمٹنے کے لئے ایشیائی ممالک کی جانب سے اجتماعی تعاون بڑھانے پر زور دیا.تینوں ممالک کے اعلی سیکورٹی عہدیدار نے دوسرے ایشیائی ممالک کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور آئندہ سیکورٹی کانفرنس میں مختلف ممالک کے عہدیداروں کو مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
سیکیورٹی کانفرنس