• news

مظفرگڑھ‘ بہاولپور: مسلم لیگ(ن) کے مزید4ایم پی ایز صوبہ محاذ میں شامل

مظفرگڑھ‘ بہاولپور(نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے ضلع مظفرگڑھ سے مزید مسلم لیگی ممبران اسمبلی کی وکٹیں اڑا لیں، مزید 3 مسلم لیگی ممبران اسمبلی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی جانب سے سیاسی شو کیاگیا، اجتماع میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ممبران صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ رحیم کھر اور علمدار قریشی نے صوبائی اسمبلی سے اپنے استعفے صوبہ محاذ کے حوالے کیے جبکہ پی پی 259 سے مسلم لیگی ایم پی اے خان محمدخان جتوئی کے بیٹے شہروز جتوئی نے انکا استعفیٰ صوبہ محاذ کے قائدین کے حوالے کیا۔نئے استعفوں کے بعد ابتک مظفرگڑھ سے ایک ممبرقومی اسمبلی مخدوم باسط سلطان بخاری اور 4 ممبران صوبائی اسمبلی ذیشان گورمانی ،غلام مرتضیٰ رحیم کھر،میاں علمدار عباس قریشی اورخان محمد خان جتوئی ابتک اسمبلی رکنیت سے استعفے دیکر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے حوالے کرچکے ہیں،اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ محاذ میں شامل ہونے والے نئے ممبران صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ صوبہ محاذ کے قائدین کیساتھ بہت پہلے سے رابطے میں تھے۔لاہور میں بننے والی ایک اورنج لائن ٹرین کا بجٹ ہی جنوبی پنجاب کو دئیے جانے والے فنڈز سے زیادہ ہے۔ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے جنرل سیکرٹری طاہر بشیر چیمہ کاکہنا تھا کہ اگروزیر اعلیٰ پنجاب سمجھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کے لوگ نیا صوبہ نہیں چاہتے تو وہ اس حوالے سے ریفرنڈم کرالیں۔ رانا قاسم نون کا کہنا تھا کہ انکی تحریک عوام کے حقوق کے لیے ہے ۔ بہاولپور سے ایم پی اے مخدوم افتخار گیلانی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے خسرو بختیار سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔ خسرو بختیار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کافی عرصے سے محرومیوں کا شکار ہے۔
شمولیت

ای پیپر-دی نیشن