الیکشن میں عمران کی ایک دو نہیں تینوں وکٹیں گرائیں گے: حمزہ شہباز
رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) مسلم لیگی رہنما ایم این اے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے روزانہ عدالتوں میں حاضر ہونے کے باوجود نواز شریف کے خلاف آج تک کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا جو نواز شریف کی بے گناہی کا مکمل ثبوت ہے اور 2018ءکے عام انتخابات میں پاکستان بھر سے ن لیگ کی ریکارڈ کامیابی ایک بار پھر ثابت کرے گی کہ نواز شریف پاکستانی عوام کے اصل نجات دہندہ ہیں۔ گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں مسلم لیگی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کا شوق شیروانی پہن کر پی ٹی آئی کے ورکرز سے وزیراعظم وزیراعظم کے نعرے لگوا کر پورا کر سکتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ وزیراعظم بننے کیلئے اوپر کے اشاروں کی بجائے نواز شریف بننا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران اور زرداری کا اتحاد مسلم لیگ کو نقصان نہیں پہنچا سکتا کیونکہ دونوں کچھ عرصہ قبل تک ہاتھ نہ ملانے کے نعرے لگا رہے تھے لیکن آج اوپر کے اشارے پر ایک دوسرے کے پہلو میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال تک حکومتی فوائد اٹھانے والوں کو آج جنوبی پنجاب کے عوام کی یاد ستانے لگی ہے اور وہ جنوبی پنجاب صوبہ کے محاذ پر ایک دفعہ پھر عوام کو بیوقوف بنانا چاہ رہے ہیں لیکن جنوبی پنجاب کے عوام ان کے ڈھکوسلوں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پی کے میں اپنے چند ایم پی ایز پر 2 دو، 3 تین کروڑ لینے کا الزام لگا کر اپنی پارٹی سے نکال دیا لیکن اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث کئی سیاستدانوں کو وہ کس منہ سے اپنی پارٹی میں شامل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی آف شور کمپنیوں کو بھی ناجائز قرار دے کر ان کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، شیخ زید میڈیکل کالج، انڈسٹریل اسٹیٹ، دانش سکول اور موٹروے جیسے پراجیکٹس مکمل ہوئے ہیں اور اگر اللہ نے موقع دیا تو رحیم یار خان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں مزید پروجیکٹس دیں گے۔ دریں اثناءحمزہ شہبازنے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عمران خان کی ایک یا دو نہیں، تینوں وکٹیں گرائیںگے اور ان کا شوق پورا کریں گے۔ حمزہ شہبا زنے کہا کہ ایک مرتبہ پھر عمران خان کو لاہور سے مایوس لوٹنا پڑا اگر مجھے بتاتے تو اندرون لاہور ان کے لئے اچھی چائے کا بندوبست ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف قرضہ معاف کرانے والے اور دوسری طرف قبضہ گروپ کو کھڑا کے کون سی تبدیلی کا واویلا کیا جا رہا ہے۔
حمزہ شہباز