اسلام آباد سے بچیاں اغوا کرکے ملک بھر میں بیچنے کا انکشاف ‘ گروہ گرفتار
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی دارالحکومت سے کم سن بچیوں کو اغوا اور ملک بھر میں بیچے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے کمسن بچیوں کو ورغلا کر اغوا اور ملک بھر میں سپلائی کئے جانے کا ہولناک انکشاف ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذموم دھندہ کرنے والا ایک گروہ کے کارندے پکڑے گئے ہیں۔ اس گروہ کے غوری ٹائون اور مختلف علاقوں میں ٹھکانے ہیں۔ دو روز قبل شہر میں اغوا ہونے والی نویں کلاس کی طالبہ کو بازیاب کرایا گیا تھا جس کے بعد اس گروہ کا پردہ چاک ہوا۔ ملزمان نے دوروز قبل نویں جماعت کی ایک طالبہ کو اسکول سے اغوا کیا۔ طالبہ کے والدین نے مقدمہ درج کرادیا جس پر تھانہ آبپارہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو روز کے اندر بچی کو بازیاب کروالیا۔ ملزمان نے بچی کو غوری ٹائون میں بند کرکے رکھا ہوا تھا۔ چھاپے کے دوران اغوا کار گروہ کے تین کارندے بھی گرفتار ہوئے۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے پولیس کے سامنے بیسیوں معصوم بچیوں کو اغوا کے بعد مختلف شہروں میں بیچنے کا اعتراف کیا ہے۔ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔