پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے مختلف اضلاع میں 130 عطائیوں کے اڈے بند کر دیئے:رپورٹ
لاہور + ساہیوال (نیوز رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں پنجاب بھر میں جاری کارروائی کے دوران گزشتہ روزپنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے مختلف اضلاع میں130عطائیوں کے ا ڈے بند کر دیئے متعددکے خلاف ایف آئی آربھی درج کروا دیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشن کی ٹیمیں 13 اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کررہی ہیں اوران ٹیموں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، حافظ آباد، ملتان، بہاولپور، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، منڈی بہائوالدین، بھکر، راولپنڈی اورلاہورکے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز 321 علاج گاہوںپرچھاپے مارے۔ان میں سے 130پر عطائی کام کرتے پائے گئے،جن کے اڈوں کو سربمہر کردیا گیا۔مزیدبرآں321میں سے101 عطائیوں نے عطائیت چھوڑ کردوسرے کاروبارشروع کردیئے۔ یاد رہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں عطائیوں کے خلاف جاری کارروائی میںکل 2,014علاج گاہوں پر چھاپے مارے ان میں سے 799عطائیوں کے اڈوں کو بند کر دیا گیا۔ دوسری طرف 322 عطائیوں نے دوسرے کاروبار شروع کر دیئے ہیں۔ ساہیوال میں محکمہ صحت کی ٹیم نے گولچکر میں چھا پے مار کر دو جعلی لیبارٹریاں سیل کر دیں مزاحمت کر نے پر دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ 4کے خلاف دو مقدمات درج۔ ڈاکٹر سعدبن سعید کی قیادت میں گول چکر میں جعلی لیبارٹری کے نام سے بنائی گئی لیبارٹری پر چھاپہ مارا تو وہ جعلی پائی گئی جس پر نصیر اور اسکے تین ساتھیوں نے حملہ کر دیا اور مزاحمت کی جس پر پولیس نے نصیر کو گرفتار کر لیا تین نے سٹی لیب پر چھاپہ مارا جو کہ جعلی پایی گئی جس پر رفیق انجم کو گرفتار کر لیا۔