• news

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے ایک ارب سی پیک کی سکیورٹی کیلئے 2 ارب مختص

اسلام آباد (اے پی پی) آئندہ مالی سال 2018-19ءکیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مختلف منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 25 ارب روپے ہے اور قبل ازیں ان منصوبوں کیلئے 8 ارب 42کروڑ90 لاکھ80 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران جی ڈی اے کے لئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری منصوبے کے تحت کراچی۔ لاہور موٹر وے اور سکھر۔ حیدر آباد سی پیک شاہراہ کے لئے اراضی کی خریداری کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لاہور ملتان موٹر وے اور کراچی لاہور موٹر وے ’ایم تھری‘ کے جاری منصوبے کے لئے 45ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ لاہور سے سیالکوٹ موٹروے بذریعہ نارنگ منڈی تا نارووال چار لین موٹر وے کے نئے منصوبے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مالاکنڈ سرنگ کی تعمیر کے نئے منصوبے کے لئے 2ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح ایک اور نئے شروع کئے گئے منصوبے جس کے تحت سکھر، روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر رابطہ شاہراہ اور پل کی تعمیر کے منصوبہ پر 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ خضدار سے چمن این 5 شاہراہ بشمول ریحاب اور موجودہ خضدار تا قلات سیکشن کے شاہراتی دو رویہ نئے منصوبہ کے لئے اراضی کی خریداری کا عمل مکمل کرنے کے سلسلہ میں 7 ارب 50 کروڑ روپے جبکہ روالپنڈی تا کہوٹہ 28 کلومیٹر بشمول سہالہ ریلوے پاس اور سہالہ کہوٹہ بائی پاس کے لئے 4 لین پل کی تعمیر کے منصوبہ کے لئے الگ سے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ کے منصوبوں کیلئے 125 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق چین پاکستانی اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت صنعتی تعاون میں اضافہ کے منصوبہ پرمجموعی لاگت کا تخمینہ 339.281 ملین روپے لگایا گیا ہے جس کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں12کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ گوادر میں صاف پانی اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے کے فنڈزمختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق یہ منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل کیا جائے گا جس پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 11ارب 39 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ قبل ازیں منصوبہ کیلئے دو ارب 61 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران منصوبہ کیلئے مختص کردہ بجٹ میں سے حکومت اپنے وسائل سے ایک ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ 20کروڑ روپے کی غیرملکی امداد بھی منصوبہ میں شامل ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی کیلئے دو ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا جس سے سی پیک کے روٹ پر سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔
گوادر/ بجٹ

ای پیپر-دی نیشن