• news

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کھاد اور زرعی مشینری سستی کر دی گئی کھیلوں اور فلم انڈسٹری کیلئے پیکیج کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی‘نوائے وقت رپورٹ) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کھاد اور زرعی مشینری سستی کر دی گئی جبکہ کھیلوں اور فلم انڈسٹری کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2018-19ءکیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت کھیلوں کے شعبہ کی ترقی اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پہلے سے جاری اورنئے منصوبوں کیلئے 3 ارب 55 کروڑ 25 لاکھ 84 ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پی این سی اے میں ڈیجٹیل آرکائیو کے قیام کے لئے 2.500 ملین روپے، نیشنل فلم اکیڈمی کے قیام کے لئے 47 ملین روپے، پیمرا کی ادارہ جاتی مضبوطی کے لئے 17 ملین روپے، پی ٹی وی کے پروڈکشن آلات کی اپ گریڈیشن اور جدید کیمروں کی فراہمی کے لئے 200 ملین روپے، پی ٹی وی اکیڈمی کے کنٹرول روم میں سٹوڈیو آلات کی اپ گریڈیشن کے لئے30 ملین روپے،ملتان ریڈیو سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے 52.656 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کھاد کے کارخانوں پر گیس کی فراہمی پر سیلز ٹیکس 10 سے کم کر 5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ زرعی مشینری پر سیلز ٹیکس کی شرح 7 سے کم کر کے 5 فیصد کر دی گئی۔ فرٹیلائزیشن مینوفیکچررز کیلئے ایل این جی کی درآمد پر عائد 5 فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ فش فیڈ پر عائد 10 فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ ڈیری فارمز کے پنکھوں اور جانوروں کی خوراک پر عائد سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ کھاد پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد ار ڈی اے پی پر 100 روپے فی بوری ہے۔ ہر قسم کی کھادوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 3 فیصد تک کم کرنے کی تجویز ہے۔ کھاد کے کارخانوں پر گیس کی فراہمی پر سیلز ٹیکس کم کر کے 5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
کھاد

ای پیپر-دی نیشن