بجٹ کے اعلان سے چند گھنٹے قبل مفتاح اسماعیل وفاقی وزیر خزانہ مقرر
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو وفاقی بجٹ کے اعلان سے چند گھنٹے قبل وفاقی وزیر خزانہ، اقتصادی امور مقرر کردیا گیا۔ مفتاح اسماعیل نے ایوان صدر میں تقریب میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ وزیر اعظم نے صدر مملکت کو مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر بنانے کی سفارش کی تھی۔ مفتاح اسماعیل جو سینٹ یا قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں تو وفاقی وزیر کا درجہ دینے کے لئے آئین کے آرٹیکل 92(1)اورآرٹیکل 91ذیلی دفعہ9کا سہارا لیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار کے بیرون ملک چلے جانے اور استعفیٰ دینے کے بعد وزیر اعظم وزارت خزانہ کے انچارج منسٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ مفتاح اسماعیل کے وزیر خزانہ مقرر ہونے کے بعد وزیر اعظم نے ذمہ داری چھوڑ دی۔ دریں اثناءبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ماروی میمن کو جنہیں اس وقت وزیر مملکت کا درجہ حاصل تھا وفاقی وزیر کا درجہ دیدیا گیا۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین نے مریم اورنگزیب، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور انوشہ رحمن سے وفاقی وزیر اور مسز لیلیٰ خان سے وزیرمملکت کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب جمعہ کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی کارکنوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مفتاح /وزیرخزانہ