• news

کنٹرول لائن بھارتی فائرنگ سے مزید دو شہری شہید ڈپٹی ہائی کمشنر طلب‘ شدید احتجاج

مظفرآباد‘ اسلام آباد (نوائے وقت نیوز‘ سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سماہنی سیکٹر میں بھارتی فوج کی پھر بلااشتعال فائرنگ سے مزید 2شہری شہید جبکہ 2زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سماہنی سیکٹر میں سول آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے 2 شہری شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرکے 2پاکستانی شہریوں کو شہید اور 2 کو زخمی کردیا تھا۔ دوسری طرف بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو جمعہ کے روز دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعہ کو بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے 26اپریل کو بھارتی افواج کی لائن آف کنٹرول کے پڈھار سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے دو شہریوں نذیر اور رفیق کی شہادت پر سخت احتجاج کیا۔ 2018ءمیں بھارتی افواج نے ایک ہزار سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں جن کے نتیجے میں 23شہری شہید‘ 107زخمی ہوئے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لئے سخت خطرہ ہیں جو سٹریٹجک غلطی کا باعث بن سکتا ہے۔ بھارت 2003ءکے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔
بھارتی ڈپٹی طلب

ای پیپر-دی نیشن