• news

مودی کی ملاقات: چین‘ بھارت بڑے ملک‘ عظیم تعاون ہونا چاہئے: چینی صدر

ووہان (آئی این پی ) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور بھارت دو بڑے اور عظیم ملک ہیں دونوں کے دورمیان عظیم تعاون ہونا چاہیے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بھرپور فروغ ملے گا، بھارت چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مفاہمت کو مضبوط کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ سے چین کے شہر وو ہان میں چین کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے غیر رسمی ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے رہنماوں نے مو جودہ عالمی صورتحال میں تبدیلیوں پر ا سٹرٹیجک مشاورت کی اورمستقبل میں چین بھارت تعلقات کی ترقی پر گہرا تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات اور بات چیت کا آغاز صوبہ حوبے کے میوزیم سے ہوا۔دونوں رہنمائوں نے چین کے آثار قدیمہ اور تاریخ کی نمائش دیکھی اور اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔اس کے بعد منعقدہ بات چیت میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جناب شی نے کہا کہ چین اور بھارت دو بڑے اور عظیم ممالک ہیں اس لیے دونوں ملکوں کے دورمیان عظیم تعاون بھی ہونا چاہیے ۔دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نے یہ خیال ظاہر کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بھرپور فروغ ملے گا۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھارت چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مفاہمت کو مضبوط کرے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں ممالک کے اتفاق کے ساتھ شی جن پنگ اور نریندر مودی کے درمیان (آج) ہفتہ کو بھی چین کے شہر وو ہان میں ملاقات ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن