• news

ثقافت‘ قومی ورثہ کے فروغ سے پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیں پوری دنیا میں ہماری ثقافت اور زبان کے حوالے سے جانا جاتا ہے‘ آج ملک میں فلمی صنعت بحال ہوچکی ہے‘ ہم وہ قوم ہیں جس نے اپنے بچوں کی شہادت سے دیئے جلائے‘ پاکستانی قوم اس وقت عدم برداشت کے خلاف جنگ لڑرہی ہے‘ ملک میں جمہوریت کے باعث ہی ثقافتی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں۔ جمعہ کو شکرپڑیاں میں 3روزہ ثقافت ہماری پہچان یوتھ کلچر میلے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرفارمرز نے مختلف طریقوں سے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا یہ میرے لئے خوشی کا مقام ہے ہم ایسا ملک ہیں جو عظیم اور قدیم ثقافت کے امین ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کا ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا۔ ملک سے دہشت گردی کے بادل چھٹ رہے ہیں ہم وہ قوم ہیں جس نے اپنے بچوں کی شہادت سے دیئے جلائے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری ثقافت‘ قومی ورثہ اور تہذیب کو مزید فروغ مل رہا ہے یہ پاکستان کا اصل چہرہ ہے جو دنیا کے سامنے آرہا ہے۔ میں نے پاکستان کی فلم پالیسی پر کام کیا آج ملک میں فلمی صنعت بحال ہوچکی ہے۔ اپنی ثقافت اور زبان کو ترجیح دینی چاہئے۔ ادارے مضبوط ہونے سے ملکی وقار میں اضافہ ہوتا ہے پاکستانی قوم اس وقت عدم برداشت کے خلاف جنگ لڑرہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن