منڈی شاہ جیونہ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر‘ ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق‘ اہل علاقہ کا احتجاج
منڈی شاہ جیونہ، جھنگ، لاہور (نامہ نگاران+ خبرنگار) ٹریفک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے دو بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق،لواحقین اور اہل علاقہ نے جھنگ سرگودھا روڈ اڈا چنڈ پر نعشیں روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا جبکہ ٹریفک کے لیے روڈ بلاک رہا،ڈی ایس پی صدر سرکل جھنگ رائے سیف اللہ بھٹی کی ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے روڈ ٹر یفک کے لیے بحا ل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق منڈی شاہ جیونہ کے علاقہ کھرڑیانوالہ کے رہائشی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے دو بچوں سمیت پانچ افراد مرتضیٰ،مسرت بی بی،فیضاں بی بی،چار سالہ طیبہ،اور دو سالہ میرا دربار حضرت پیر شاہ جیونہ پر سلام کر کے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر واپس گھر جا رہے تھے جیسے ہی سٹاپ امیر والا کے قریب پہنچے تو سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے ان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں پانچوںافراد موقع پر جاں بحق ہو گئے اور ڈمپر ڈرائیور ڈمپر سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور عزیز و اقارب نے مین شاہراہ جھنگ سرگودھا روڈ کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور نعشیں روڈ پر رکھ دیں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل جھنگ نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج کو ختم کروایا۔نعشیں گھر میں پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔