• news

قصور جعلی مقابلہ کیس: ضمانت خارج ہونے پر ایس ایچ او، کانسٹیبل فرار

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحق نے قصور میں مدثر نامی لڑکے کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کے مقدمہ میں نامزد ایس ایچ او طارق بشیر چیمہ اور کانسٹبل اشرف کی عبوری ضمانتیں مسترد کر دیں۔ دونوں ملزمان ضمانت خارج ہونے پر فرار ہو گئے۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مدثر نامی لڑکے کو جعلی پولیس مقابلہ میں ہلاک کیا اور جعلی ایف آئی آر درج کر کے مدثر کے اہل خانہ کو ہراساں کرتے رہے۔ مقدمہ میں نامزد ایس ایچ او اور کانسٹیبل کیخلاف پہلے بھی جعلی پولیس مقابلوں کے مقدمات درج ہیں، جے آئی ٹی نے دونوں ملزمان کو گناہ گار قرار دے رکھا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مدثر نامی لڑکے کو پولیس مقابلہ میں ہلاک کرنے کے الزام میں تھانہ صدر قصور کے ایس ایچ او یونس ڈوگر اور انسپکٹر سی آئی اے قصور ریاض عباس ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت مسترد کی جائے۔ ملزمان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ مدثر کے اہل خانہ اس کیس میں کارروائی نہیں کرنا چاہتے لہٰذا مقدمے میں نامزد ایس ایچ او طارق بشیر چیمہ اور کانسٹیبل اشرف کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزموں کی عبوری ضمانتوں کو خارج کر دیا جبکہ یونس ڈوگراور انسپکٹر سی آئی اے ریاض عباس کی ضمانتوں پر منسوخی کی درخواست پر سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن