• news

عملے پر اینٹی کرپشن افسروں کا تشدد‘ محکمہ لینڈ ریکارڈ ملازمین کی ہڑتال‘ لاہور میں دھرنا

سرگودھا‘ بھیرہ‘ شورکوٹ‘ ہارون آباد (نامہ نگاران) فتح جنگ میں عملے پر انٹی کرپشن افسران کے تشدد کیخلاف اور دیگر مطالبات کے حق میں مختلف شہروں میں محکمہ لینڈ ریکارڈ کے ملازمین نے احتجاج کیا اور لاہور میں ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیدیا۔ دوسری طرف اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملہ کی جانب سے صوبہ بھر میں ہڑتال کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سرگودھا میں اراضی ریکارڈ سنٹر بند کردیئے گئے جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہوگئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کی ہڑتال کو ختم کرایا جائے اور جو ملازمین ہڑتال ختم نہ کریں ان کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔تحصیل اراضی ریکارڈ سنٹر بھیرہ میں دوسر ے روز بھی تالا بندی رہی جس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار رہے۔ پنجاب بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملا ز مین نے اپنی مستقلی کے لئے ماڈل ٹائون لاہو ر میں اپنے ہیڈ آفس کے با ہر دھر نا دے دیا جس کے با عث صو بہ بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹروں میں کام ٹھپ ہو کر ر ہ گیا ہے ۔ملازمین نے دھرنا ختم کر نے کے لئے افسران کو اپنے مطا لبات دے دئیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ انہیں ر یگو لر کیا جائے اور بلیک میلنگ ختم کرتے ہوئے کسی بھی اہل کار کو اس کا جرم ثابت ہونے پر قانون کے مطابق سزادی جائے۔ دھرنا میں شامل اسسٹنٹ ڈائریکٹر ان کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری 5سا ل قبل پبلک سروس کمشن کے ذریعہ کی گئی مگر انہیں ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا جو ان کے سا تھ زیادتی ہے۔ لینڈ ریکارڈ سنٹر شورکوٹ کے اہلکاروں کی اپنے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتا ل تیسرے دن بھی جاری رہی جس سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ شورکوٹ رانا ندیم نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے ہڑتال جاری رہے گی۔ انہوں نے فتح جنگ میں لینڈ ریکارڈ کے دفتر میں ہونے والے واقعہ کی پرزور مذمت کی ۔ زرعی اراضی سنٹر ہارون آباد کے افسران اور اہلکاروں نے فتح جنگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ عبدالحمید اور انچارج سروس سنٹر اراضی رانا نعمان کے ساتھ انٹی کرپشن کی جانب سے ناجائز اور غیرانسانی سلوک اور ناروا سلوک کی تصاویر سوشل میڈیاپر اپ لوڈ کر کے ان کی تذلیل کرنے کے خلاف بھر پور احتجاج کیا اراضی سنٹر ہارون آباد کے عملہ نے کام بند کر کے احتجاج کیا اور اس وقوعہ کے خلاف بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر کے اپنے فتح جنگ کے ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ لینڈ ریکارڈ آفیسر محمد شاہد خان میو اور اراضی سنٹر انچارج غلام دستگیر نے کہا کہ انٹی کرپشن اہلکاروں نے فتح جنگ کے اس انتہائی تکلیف دہ وقوعہ میں انسانیت اور انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے حیوانیت اور وحشی پن کی تمام حدود وقبود عبور کر لی ہیں۔ انصاف نہ ملنے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن