آرٹیکل 62,63 کالا قانون‘ پارلیمنٹ کو اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں: خورشید شاہ
اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے آئین کے آرٹیکل 62اور 63کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمنٹ کو اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں ،ساری گیم یا سیاست پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے ٗخواجہ آصف کی نا اہلی سے خوش نہیں ٗججز کو بھی سیاسی معاملات کو سیاسی رکھنا چاہیے ۔ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکسی بھی پارٹی سے ورکر نکل جائے تو ضرور افسوس ہوتا ہے۔پارلیمنٹ کو اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں ۔انہوںنے کہا آرٹیکل 62 کے تحت جسے نا اہل کیا جاتا ہے اس میں جھوٹ کا عنصر شامل ہوتا ہے۔خواجہ آصف کی نا اہلی سے خوش نہیں ہوں۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف سے بار بار اس قانون کے خاتمے کا کہا ، نواز شریف نے خاتمے کیلئے تعاون نہیں کیا، ججز کو بھی سیاسی معاملات کو سیاسی رکھنا چاہیے ٗبہتر ہوتا کہ معاملہ پارلیمنٹ بھیج دیا جاتا۔پاکستان کی سیاست پارلیمانی ہونی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ خواجہ آصف کے ساتھ جو ہوا قانونی نقطہ نظر کے ذریعے ہوا۔یہ پارلیمانی نظام کے تحت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضیا الحق نے آج تک کسی سیاستدان کو نہیں بخشا، مرنے کے بعد بھی نہیں بخش رہا۔اب تو اپنے ہی بچوں کے گلے میں ہار ڈالا ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کو 4 ماہ سے زیادہ کا بجٹ نہیں دینا چاہیے۔ حکومت پارلیمنٹ کے وقار سے کھیلنا چاہتی ہے۔حکومت سے کہتا ہوں کہ 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے۔حکومت ایک سال کا بجٹ پیش کر کے نئی روایت ڈال رہی ہے۔حکومت نے 5 سال غریبوں کو ریلیف نہیں دیا۔ اب کیا دے گی۔مہنگے قرضے آنے والے وقت میں مشکلات میں اضافہ کریں گے۔موجودہ حکومت میں نئی سرمایہ کاری نہیں آئی۔حکومت نے قرضوں کا بوجھ بڑھا دیا ہے۔ساری گیم یا سیاست پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی نا اہلی کے پیچھے ضیاالحق کی مہربانیاں ہیں، ضیا الحق کی پالیسیوں نے کسی کو نہیں بخشا۔