آئندہ انتخابات میں نظام بدلو منشور کے تحت حصہ لیں گے: خرم نواز گنڈا پور
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک ’’نظام بدلو ‘‘کی تحریک میں تیزی لائے گی، آئندہ انتخاب میں حصہ بھی نظام بدلو منشور کے ساتھ لیا جائیگا، اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک پاکستان کا وزیراعظم بھی جھوٹا، وزیر خارجہ بھی جھوٹا، وزیر خزانہ بھی جھوٹا، وزیر داخلہ بھی جھوٹا، وزیر اطلاعات ریاست کا باغی اور بقیہ کابینہ توہین عدالت کی مجرم ہے۔یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ کس کردار اور قماش کے لوگ نئی نسل کی سیاسی قیادت کررہے ہیں؟۔دیار غیر میں مقیم پاکستانی خاندان اس حالت زار پر دیگر اقوام کے شہریوں سے منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ کیسا ملک ہے کہ جس پر ڈاکو حکومت کرتے ہیں اور ان کی ڈکیتیوں کو عوام قبول کر لیتے ہیں؟وہ گزشتہ روز آئندہ انتخابات میں حصہ لیے جانے کے حوالے سے منعقدہ خصوصی مشاورتی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں نائب صدر راجہ زاہد محمود، پروفسیر سلیم جاوید و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔