چیف جسٹس کے حکم پر جھنگ میں بنیان پہن کر خاتون کا آپریشن کرنے والے 2 عطائی گرفتار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بنیان پہن کر خاتون کا آپریشن کرنے والے عطائیوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔ ایس پی جھنگ نے ملزم ایوب اور حر کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈاکٹر رفیق کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس نے عطائیوں کے بنیان پہن کر خاتون کا آپریشن کرنے کی ویڈیو پر ازخود نوٹس لے رکھا ہے۔ جھنگ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم الفلاح کلینک میں خاتون کا آپریشن کر رہے تھے۔ یہ کلینک ڈاکٹر رفیق کا ہے جو پی ایم ڈی سی سے رجسٹرڈ ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم ایوب ہومیو پیتھک کا ڈپلومہ ہولڈر ہے اور ایلوپیتھک ادویات رکھتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت میں موجود ہر شخص کو ملزموں کی شکل دکھائی جائے جو انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی تک ڈاکٹر رفیق کو کیوں نہیں پکڑا یہ معاملہ ایف آئی اے کو بھجواتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ملزم سے پوچھا کہ سچ بتاﺅ جھنگ میں خاتون کا آپریشن کر رہے تھے کہ نہیں جس پر ملزم نے کلمہ پڑھ کر بتایا کہ آپریشن ڈاکٹر نے کیا تھا ہم صرف پٹی کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملزم جھوٹ بول رہا ہے ان کو گرفتار کر کے لے جائیں اور مقدمہ درج کریں۔
ملزم گرفتار