زرداری‘ نیازی ایک اور ایک گیارہ‘ ووٹ سے دونوں کو نو دو گیارہ کرینگے : شہبازشریف
مردان(آئی این پی) شہبازشریف نے کہا ہے کہ اصولوں کا نعرہ لگانے والا اور کرپشن کے خلاف بات کرنے والا سینیٹ الیکشن میں وصول کرنے والا بن گیا،عمران خان لاہور آنا چاہتے ہیں ضرور آئیں، وہاں عوام نہیں ہمارے ترقیاتی کام ان کا استقبا ل کریں گے،زرداری اور نیازی ایک اور ایک کو گیارہ کہتے ہیں،2018 میں ووٹ سے دونوں کو نو دو گیارہ کریں گے، ڈینگی پشاور میں تباہی مچاتا رہا اورعمران خان نتھیا گلی میں آرام کرتا رہا، خیبر پی کے میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکتی تھی،لیکن عمران نے5 سال میں منفی 6 میگاواٹ بجلی دی ہے، عمران نے کہا تھا کہ ایک ارب درخت لگاکر ریکارڈ بناوں گا مگر انھوں نے جھوٹ بولنے او رآنکھوں میں دھول جھونکنے کے عالمی ریکارڈ بنا دیئے۔ مالم جبہ میں دوستوں کو زمینیں بانٹیں صوبے میں کہیں ترقی نہیں ہوئی البتہ پیسہ جیبوں میں گیا،کرپشن کیخلاف جہاد کا کہتے ہیں، خیبربنک میں فراڈ ہوا،پشاور کے برباد ہونے پر بہت افسوس ہوا،سارے قصے قصہ خوانی بازار میں ثابت ہوئے،دن رات جھوٹ بولتے، الزام لگاتے ہیں، عمران خان کہتے تھے کہ یہ میٹرو نہیں جنگلا بس ہے اب یہ پشاو ر میں 75 ارب روپے میں بن رہی ہے۔ مردان میں مسلم لیگ ن کے عوامی اجتماع سے خطاب میں شہباز شریف نے کہاکہ نیا کے پی کے پی ٹی آئی نے بنانا تھا اس کو اور برباد کر دیا، نیازی صاحب کہتے تھے میں جنگلہ بس نہیں بناﺅں گا، انہوں نے کہا تھا کہ میں کے پی کے میں ہسپتال بناﺅں گا، سکول بناﺅں گا،انہوں نے اب تک کیا کیا ہے؟ عمران خان نے صرف دن رات دھرنا دیا، کام کچھ نہیں کیا، پشاور میٹرو بس 75ارب روپے کا جو پراجیکٹ شروع کیا ابھی تک مکمل نہیں ہو پایا،ہمیں عوام نے موقع دیا تو ہم پشاور میٹرو5مہینے میں مکمل کر کے آپ کے حوالے کر دیں گے۔ دن رات جھوٹ بولنے والے عمران خان نے کہا کہ میں کے پی کے میں ہسپتال اور پولیس کا نظام ٹھیک کروں گا، پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کئی دہائیاں پہلے بنا،انہوں نے ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنایا، مردان کی بیٹی اسماءکے قتل اور ریپ کا فرانزک ٹیسٹ بھی لاہور کی فرانزک لیب میں کیا گیا، ہمیں اس پر فخر ہے کیونکہ لاہور آپ کا شہر ہے اور مردان میرا شہر ہ، پنجاب آپ کا ہے، کے پی کے میرا ہے، پاکستان چار صوبوں کا نام ہے، کے پی کے سے ہزاروں لوگ اگر لاہور راولپنڈی سے مفت علاج کراتے ہیں توہر کوئی آپ کے اوپر احسان نہیں ہے بلکہ یہ آپ کا حق ہے۔ یہاں پر احتساب کا کمشن بنایا گیا،70کروڑ روپے خرچ کیا اور ایک بھی کرپشن کا کیس سامنے لے کر نہیں آئے، کہیں بھی ترقی اس لئے نہیں ہوئی کہ روپیہ لوگوں کی جیبوں میں گیا، ہم قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے اور اس کو عظیم بنائیں گے۔ پچھلے 5پانچ برس میں نواز شریف کی قیادت میں جب 2013 میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے تھے، میاں نواز شریف سی پیک لے کر آئے، ہم نے اپنے پیسوں سے 5ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے۔ میں وعدہ کرتا ہوں آپ نے موقع دیا تو اگلے پانچ سال میں ہزاروں میگاواٹ بجلی یہاں سے پیدا کر کے دکھاﺅں گا۔ خیبربینک سکینڈل بھی آپ کے سامنے ہے، سینیٹ الیکشن میں وصول کا اصول جیت گیا۔ کے پی کے کو کھا پی کے لاہور آئے ہو، لاہور کے لوگ تمہارا استقبال نہیں کریں گے، آپ کو یاد ہے انہوں نے سات ماہ اسلام آباد میں دھرنا دیا چائنہ کے صدر کا دورہ رک گیا، جس سے پاکستان کو نقصان ہوا اور بھارت کو فائدہ ہوا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اس کی نئی نئی حکومت آئی تھی خان کو چاہیے تھا کہ صبح چھ سے لے کر رات بارہ بجے تک کے پی کے میں کام کرتا تا کہ نوجوانوں کو روزگار ملتا، یہ پہاڑوں پر جا کر آرام کرتا رہا اور یہاں ڈینگی نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا۔ ہم نے پنجاب میں پچھلے پانچ سالوں میں 17 ارب روپے یتیموں، بیواﺅں پر خرچ کئے، اس پروگرام کا نام ہے پنجاب ایجوکیشن فنڈ، آپ کے ہاں ایسا کوئی پروگرام ہے، ہمیں موقع ملا تو ہم یہاں کے پی کے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ بنائیں گے۔ کے پی کے کے ہر ڈویژن میں ایک ٹیچنگ ہسپتال اور ایک یونیورسٹی بنائیں گے، پھر آپ دیکھیں گے دبئی، سعودی عرب میں جس جگہ آ پکو ایک ہزار ریال ملتے وہاں دو سے تین ہزار ریال تک ملیں گے کیونکہ آپ یہاں سے مہارت لے کر جائیں گے، ہم نے پنجاب میں دانش سکول بنائے جو لاہور کے ایچی سن کے ہم پلہ ہیں۔ میری خدمت کا ثبوت چاہیے تو پنجاب میں آ کر دیکھیں میں پشاور کو لاہور بناﺅں گا۔ آپ نے موقع دیا تو 5 برس میں خیبر پی کے سب سے آگے بڑھنے والا صوبہ ہو گا، ہم نے پنجاب میں آدھی قیمت پر کھادیں دیں، میرا آپ سے وعدہ ہے پنجاب میں شروع کئے گئے تمام پروگرام کے پی کے میں لے کر آئیں گے۔پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی نے خیبر پی کے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، خیبر پی کے میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ ہفتہ کو شہباز شریف پشاور پہنچے، گورنر کے پی کے، امیر مقام اور سردار مہتاب نے ایئرپورٹ پر شہباز شریف کا استقبال کیا، شہباز شریف نے گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف