• news

فیصل آباد: کراچی، ہنگو: کالعدم تنظیموں کے 6 دہشت گردوں سمیت 7 ملزم گرفتار بڑی تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد برآمد

فیصل آباد/ کراچی/ ہنگو (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد اور کراچی سے کالعدم تنظیموں کے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے فیصل آباد کے علاقہ سمندری روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء سی ٹی ڈی نے کراچی کینٹ سٹیشن کے قریب کارروائی کے دوران سکھر سے کراچی آنے والے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ کالعدم تنظیم کیلئے فنڈ ریزنگ، قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق ہنگو کے علاقہ درسمند میں گھر کے سامنے بارودی مواد کا دھماکہ، کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہنگو نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کے درمیانی شب تھانی دوآبہ کے حدود میں واقع یونین کونسل درسمند میں مطیع اللہ نامی شخص کے گھر کے سامنے نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے نصب شدہ بارودی مواد کا دھماکہ ہوا۔ علاوہ ازیں ہنگو کی یونین کونسل دلن میں پولیس کی خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی، پولیس کو مطلوب ملزم گرفتار، 8 کلوگرام بارودی مواد اور اسلحہ و کارتوس برآمد، بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ گرفتار ملزم تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن