کھیوڑہ: نادرا عملے نے بھائی سے ملی بھگت کرکے زندہ بہن کو مردہ قرار دیدیا‘ انصاف کا مطالبہ
کھیوڑہ (نامہ نگار) نادرا آفس پنڈدادنخان کا کمال‘ زندہ شخص کو مردہ قرار دے دیا۔ متاثرہ میاں بیوی دربدر کی ٹھوکریں کھانے کے بعد داد رسی کیلئے تحصیل پریس کلب پہنچ گئے۔ پنڈدادنخان کے نواحی علاقے واڑا پھپھرہ کے حاجی احسان نے اپنی بیوی کے ہمراہ پریس کلب میں دہائی دیتے ہوئے کہا کہ غریب مزدور ہوں‘ میرے سالے الطاف حسین نے نادرا آفس کے عملے سے ملی بھگت کر کے میری بیوی سمیہ بی بی کا جعلی فوتگی سرٹیفیکیٹ بنوا لیا جبکہ میری بیوی زندہ ہے اور میرے ساتھ موجود ہے۔ میں جب اپنے بچوں کے ب فارم کے لئے نادرا آفس آیا تو انہوں نے بتایا کہ تمہاری بیوی تو فوت ہو چکی ہے۔ میرے سالے نے ان سے ملی بھگت کر کے اس کو مردہ قرار دلوا لیا ہے۔ حاجی احسان نے اعلیٰ حکام سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔