ساہیوال: والدین سے جھگڑے پر نوجوان نے پٹر ول چھڑک کر خود سوزی کرلی
ساہیوال، اوکاڑہ، دینہ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں ، ملتان (نامہ نگاران ) ساہیوال نوجوان نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگاکر خود کشی کر لی ۔ نواحی چک 34۔ جی ڈی میں زمیندار دائود کے 25 سالہ بیٹے افضال کا گھر میں والدین سے جھگڑا ہو گیا جس پر افضال نے مو ٹر سائیکل کی ٹینکی سے بالٹی میں پٹرول نکالا اور خود پر پٹرول ڈال کر آگ لگالی۔ اسے فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ اسکا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔علاوہ ازیں دیگر واقعات میں اوکاڑہ، دینہ اور حافظ آباد میں دو خواتین سمیت 4 افراد نے گھریلو جھگڑوں اور دیگر وجوہات کی بناء پر زندگی ختم کرلی۔ دینہ کے گائوں ٹھیکریاں میں سردار مسیح کی 17 سالہ بیٹی (س) نے گھریلو رنجش پر پھندا لیکر زندگی ختم کرلی۔ اوکاڑہ کے علاقہ حویلی لکھا تھانہ مہتاب گڑھ کے اسماعیل کی بیوی عابدہ نے گھریلو حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں نگل لیں جبکہ حافظ آباد میں نوجوان مظہر نے بھائیوں کے ساتھ زمین کے تنازعہ پر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھالیں۔پنڈی بھٹیاں میں نوجوان مظہر نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آکر زہریلی گولیاں نگل لیں۔دریں اثنا ملتان میں عمر نے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔ اسے تشویشناک حالت میں نشتر منتقل کر دیا گیا ۔