قوم کسی مہرے کے جھانسے میں نہیں آئیگی‘ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر سازشیں ناکام بنا دے : نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ءمیں ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلنے والے کروڑوں ووٹر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ووٹ دے کر ملکی‘ بین الاقوامی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ وہ گزشتہ روز جاتی امراءرائے ونڈ میں مسلم لیگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کررہے تھے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ وزیراعلیٰ و مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف‘ مریم نواز‘ حمزہ شہباز‘ سینیٹر پرویز رشید‘ سینیٹر آصف کرمانی‘ رانا ثناءاللہ خان‘ زاہد حامد و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ خوشاب‘ ملتان‘ گوجر خان‘ ساہیوال‘ رحیم یار خان‘ چکوال‘ مانسہرہ اور چترال کے جلسوں کے شیڈول پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماﺅں کو ہدایت کی کہ عوامی رابطہ مہم کو جلد از جلد تیز کیا جائے اور ناراض ارکان کو بھی منا کر ان کے تحفظات دور کر کے دوبارہ پارٹی میں لایا جائے۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات 2018 کی حکمت عملی، ٹکٹوں کی تقسیم اور نیب میں جاری مقدمات پر بھی بحث کی گئی۔ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے نگران سیٹ اپ پر ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ آئی این پی کے مطابق اس کے علاوہ آئندہ عام انتخابات، عوامی رابطہ مہم اور نیب کیسز پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا رمضان المبارک سے قبل پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں زیادہ سے زیادہ جلسے کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران نواز شریف نے کہا ہم ذاتی نہیں قومی مفادات کی بات کرتے ہیں میں نظریئے اور اصولوں کی سیاست کرتا ہوں ملک اور قوم کیلئے کوئی جیل یا ہتھکنڈا خوفزدہ نہیں کر سکتا، ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور آخری فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا پاکستان کے عوام مسلم لیگ ن کیساتھ ہیں اور عام انتخابات میں عوامی طاقت سے ہم کامیاب ہوں گے اور پہلے سے زیادہ ملک اور قوم کی خدمت کریں گے۔ نوازشریف نے کہا ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے ملک میں تبدیلی کے نعرے لگا رہے ہیں، قوم کسی مہرے کے جھانسے میں نہیں آئیگی اور آنیوالی حکومت بھی مسلم لیگ ن کی ہو گی۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو مکمل بریفنگ دی اور بتایا حکومت نے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا اور کوشش کی ہے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ نواز شریف نے فوری طور پر مسلم لیگ ن کے تمام ناراض رہنماﺅں سمیت کارکنوں کو منانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا ناراض کارکن بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں ان سے ملاقاتیں کر کے ان کے تحفظات کو دور کیا جائے کیونکہ اس وقت پارٹی کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے اور الیکشن 2018ءمیں ہم سب کو متحد ہو کر الیکشن لڑنا ہو گا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ناراض رہنماﺅں کو منانے کیلئے دو کمیٹیاں فوری طور پر تشکیل دی ہیں ایک کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت بنائی گئی جو فوری طور پر ایسے تمام مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سے رابطے کرکے ان سے ملاقات کریگی اور ان کے تحفظات کو بھی دور کیا جائیگا جبکہ ناراض رہنماﺅں کو منانے کیلئے ایک دوسری کمیٹی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ایم این اے حمزہ شہباز کی زیر صدارت بنائی گئی جس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ سمیت دیگر لیگی رہنماﺅں کو شامل کیا گیا حمزہ شہباز کی زیر صدارت بنائی گئی کمیٹی صوبائی اسمبلی کے تمام ناراض رہنماﺅں سمیت ناراض بلدیاتی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کرینگے اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائیں گے۔ لیگی ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن 2018ءکے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر گفتگو ہوئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے تمام مسلم لیگی رہنماﺅں کو ہدایات جاری کیں وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں جبکہ اجلاس میں نواز شریف کے مختلف شہروں میں جلسوں کے شیڈول پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم کے دوران ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر مبنی انتخابی مہم چلانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا انتخابی مہم کے دوران عوام کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں بتایا جائے۔ این این آئی کے مطابق نواز شریف کل ساہیوال میں جلسہ سے خطاب کرینگے۔
نواز شریف