قومی کھیل ہاکی کا معیار بلند کرنے کیلئے ریلوے کردار ادا کریگا: فرحان عبادت
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ریلویز سپورٹس بورڈ کے نائب صدر ڈاکٹر فرحان عبادت خان کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کا معیار بلند کرنے، اسے ماضی والے بلند مقام پر پہنچانے اور مقبول بنانے کیلئے ریلوے کردار ادا کرےگا۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گریفن میں نئی آسٹروٹرف لگانے کےلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور صوبائی وزیر کھیل سے بھی بات چیت ہو رہی ہے ہم چاہتے ہیں اپنے نظام میں ہاکی کھیلنے والوں کو بہترین سہولیات مہیا کریں۔ قومی کھیل نے عوام کو بہت خوشیاں دی ہیں۔ ہمارے ہاکی پلئیرز نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اپنی سطح ہر رہتے ہوئے قومی کھیل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں نئی آسٹروٹرف کی تنصیب سے پلئیرز کو پریکٹس کے لیے اچھا ماحول ملے گا۔
ہم دیگر کھیلوں کی طرح قومی کھیل پر بھی توجہ دے رہے ہیں گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کو جتنی بہتر سہولیات ملیں گی انکی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی۔ پاکستان ریلویز کا ملکی کھیلوں کی ترقی میں نمایاں کردار رہا ہے ہم اسے ماضی والے بلند مقام پر لائیں گے۔