پاکستان کینٹ کاﺅنٹی میچ انگلینڈ کی کنڈیشن مشکل‘ جلد ایڈجسٹ ہو جائیں گے : امام الحق
لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان اور کینٹ کاﺅنٹی کے درمیان چار روزہ پریکٹس میچ کادوسرا دن بارش کی نذر ہو گیا ۔ گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے گراﺅنڈ میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے امپائروں نے معائنہ کے بعد دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہوا تو مڈل آرڈر بھی جواب دے گیا ۔ امام الحق کے سوا کوئی کھلاڑی انگلش باﺅلر ز کا مقابلہ نہ کر سکا ۔ سمیع اسلم تیرہ ‘اظہر علی پندرہ ‘امام الحق اکسٹھ ‘حارث سہیل پانچ ‘اسد شفیق سترہ ‘بابر اعظم گیارہ ‘سرفرازا حمد چار ‘شاداب خان سات‘محمد عامر چار‘حسن علی چوبیس رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستان ٹیم پہلے دن55.2اوورز میں 168رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ۔راحت علی صفر پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ گڈ مین نے پانچ ‘ہیگٹ ‘پوڈ مور نے دو ‘دو جبکہ تھامس نے ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں کینٹ نے ایک وکٹ پر 39رنز بنالئے ہیں ۔ پاکستان کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 129رنز درکار جبکہ 9وکٹیں باقی ہیں ۔ بیل ڈرمنڈ ایک سکور پر چلتے بنے ۔ ڈکسن چوبیس اور کپتان جوئے ڈینلی بارہ رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ واحد وکٹ حسن علی نے حاصل کی ۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل نوجوان بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز مشکل ضرور ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ ٹیم کے کھلاڑی جلد ایڈجسٹ ہو جائیں گے اور ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کینٹربری میں انگلش کرکٹ کلب کینٹ کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ میں 61 رنز کی اننگز کھیلنے والے امام الحق نے کہا کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز بولرز کےلئے ساز گار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے ٹیم یہاں کی کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہوجائے گی۔امام الحق نے کہا کہ وہ انڈر 19 ٹیم کے ساتھ پہلے بھی انگلینڈ کا دورہ کرچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ ان کنڈیشز میں اچھا پرفارم کریں گے۔