• news

اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی‘ قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے: اقوام متحدہ

مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں ، اسرائیلی فوج احتجاج کرنیوالے فلسطینیوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کررہی ہے۔شہریوں کا بے پناہ جانی و مال نقصان ہورہا ہے ۔فلسطین میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ کے ادارے اوچا نے اپنی 15 روزہ رپورٹ میں کہااسرائیل فوج غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کررہی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کا بے پناہ جانی نقصان ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں غزہ میں فلسطینی مظاہرین کے وحشیانہ قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ رپورٹ میں غزہ میں جاری فلسطینی احتجاج اور اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کے استعمال کی تفصیلات جاری کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد سے 700 میٹر کے فاصلے پر فلسطینیوں نے احتجاجی خیمے لگا رکھے ہیں، اسرائیلی فوج کی طرف سے حالیہ چار ہفتوں کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کو زخمی کیاگیا۔ اسرائیلی فوج نے چار ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی میں احتجاج کرنے والے46 فلسطینیوں کو قتل اور5500 کو زخمی کردیا گیا۔رپورٹ میں زور دیا گیاغزہ کی پٹی میں پرامن فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ اسرائیلی فوج ایک بار نہیں بلکہ باربار فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن