پاکستان کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کا عزم مضبوط ہوا: اسلامی فوجی اتحاد
ریاض (آئی این پی ) اسلامی ملکوں کے فوجی اتحاد کے قائمقام سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن عثمان الصالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا ہر شہری پاکستان کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کا عزم مضبوط ہوا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا سعودی عرب کا ہر شہری پاکستان کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی، محبت اور مشترکہ عقیدے پر مبنی دوطرفہ مستحکم تعلقات قائم ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات اقتصادی اور فوجی تعاون کے شعبوں میں نئی جہتوں میں تبدیل ہوجائیں گے۔عثمان الصالح نے کہا دنیا خصوصاً اسلامی ملکوں کو دہشتگردی کے مسئلے کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کو گزشتہ کئی برسوں سے دہشتگردی کے مسئلے کا سامنا تھا اور پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور ذرائع ابلاغ نے جس طرح اس مسئلے پر قابو پایا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہااسلامی ملکوں کے فوجی اتحاد نے دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق حکومت پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی حکمت عملی کو سراہاہے۔