مسلمان کے اچھے معاملات اس کی پہچان‘ خود کو دین کے تابع کریں: مولانا طارق جمیل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل، مولانا عبیدالرحمن ، رائے ونڈ مرکز کے امام مولانا محمد جمیل نے کہا ہے کہ نیکی کو پھیلانا اور برائی سے روکنا تبلیغ کی آسان تعریف ہے۔ تبلیغ دین انبیاء کی سنت ہے۔ زبان کا میٹھا بول آپکی شخصیت کی خوبصورتی اور زبان کی کڑوی اور سخت بات آپکے حسن اخلاق کی نفی کرتی ہے۔ اچھے اخلاق اچھے مسلمان کی پہچان ہیں، ہم اعتدال والی امت ہیں ہم نے مخلوق کو خالق سے جوڑنے کی محنت پوری دنیا میں کرنی ہے۔ انہوں نے یہ بات کیرج فیکٹری اسلام آباد گرائونڈ میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجتماع کے دوسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع کی اختتامی دعا آج بروز پیر بعد نماز فجرکے بیان کے بعد ہوگی جس کے بعد تبلیغ دین کے لئے درجنوں جماعتیں اندرون وبیرون ملک تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ دین کے ہر شعبے میں محنت کرنا قابل قدر کام ہے دین کے کسی کام کی نفی یا تحقیر کرنا گمراہی ہے اور دین کے سب شعبوں کی محنت کا احترام کرنا دین ہے۔ تبلیغ دین ایک مسلمان کو محبت، ایثار، اخوت، حسن اخلاق، دیانت، امانت، شرافت، قربانی،درگزر، صلہ رحمی اور لہجے میں نرمی کا درس دیتی ہے اپنے لہجوں میں نرمی پیدا کریں لہجوں کے بدلنے سے معانی ومفہوم بدل جاتے ہیں اپنے معاملات کو دین اسلام کے تابع کریں۔