• news

نوازشریف نے ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ کیساتھ لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا‘ اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان بھی ان کی چال میں آ کر دیا : زرداری

لاہور (آئی این پی+ آن لائن+ این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ اس سے کہیں زیادہ موقع پرست ہیں، اس نے ہمیں ہر موقع پر بیچا، ہم سیاست اور نوازشریف تجارت کرتے رہے، نوازشریف نے ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا، میں نے پر ویز مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نوازشریف نے پیچھے ہٹ گئے، میں نے یقین کر لیا اور بلے کو جانے نہ دینے کا بیان دیا ، نوازشریف نے پرویز مشرف کو باہر بھجوا دیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نواز شریف سے دوریوں کے حوالے سے سرگودھا ڈویژن کے پارٹی وفود کے سامنے حال دل بیان کر تے ہوئے کہا کہ نوازشریف اپنے قریبی افسر کے ذریعے مجھے مختلف پیغام بھجواتے رہے، ہم سویلین بالادستی کی نیت سے نوازشریف کی ہاں میں ہاں ملاتے رہے، ہم سیاست اور نوازشریف تجارت کرتے رہے، نوازشریف نے ہمیں ہر موقع پر بیچا، میں سیاست سے ہٹ کر نوازشریف سے سماجی تعلقات رکھنا چاہ رہا تھا لیکن انہوں نے میری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا، پرویز مشرف کے مواخذے سے لے کر اینٹ سے اینٹ کے بیان تک نواز شریف نے ہاتھ کرایا، میں نے پر ویز مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف نے پیچھے ہٹ گئے، انہوں نے پرویز مشرف کے مواخذے میں ساتھ دینے کے لئے شرائط عائد کردی تھیں۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ بنایا تو ہم نے ان کا ساتھ دیا، نواز شریف نے اپنے قریبی افسر کے ذریعے یقین دلوایا کہ وہ پرویز مشرف کو جانے نہیں دیں گے، میں نے یقین کر لیا اور بلے کو جانے نہ دینے کا بیان دیا مگر نواز شریف نے پرویز مشرف کو باہر بھجوا دیا، بعد میں پتہ چلا کہ نواز شریف جب مجھے یقین دلا رہے تھے اس سے پہلے ہی وہ پرویز مشرف کے معاملے پر ڈیل کر چکے تھے۔آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے میرے اینٹ والے بیان کے پیچھے بھی نوازشریف کی چال تھی۔ انہوں نے اس بیان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی، سندھ میں نیب اور دیگر اداروں کے ذریعے کارروائیاں بھی نواز شریف کے کہنے پر ہوئیں، وہ اپنا کیا خود بھگتیں، میں اب کسی صورت اس سے ہاتھ نہیں ملاﺅں گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2018ءکے انتخابات میں پوری تیاری سے حصہ لیں گے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن انتخابات کو انتخابات سمجھ کر لڑے گا، پارٹی کارکن آج سے سرگرم ہو جائیں، پیپلزپارٹی کو عوام کی طاقت پر بھروسہ ہے کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے، اس لئے جب بھی انتخابات جیت کر اقتدار میں آتی ہے تو ان کی ترجیح عوام کے مسائل حل کرنے پر ہوتی ہے، ماضی میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف یہ بھی مقدمات بنائے کہ انہوں نے وزیراعظم کی حیثیت سے لوگوں کو نوکریاں دیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ موجودہ حکومت نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ کسی بھی ریاستی ادارے سے ملازمین کی برطرفی کی کسی بھی صورت اجازت نہےں دےں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ملازمین نوکریوں کے تحفظ کرے گی اور کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات کی بغور نگرانی کر رہی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا جواز پیدا کرنے کے لئے حکومت پی آئی اے کو نقصان سے دوچار کر رہی ہے تاکہ اسے ایک ایسانقصان میں چلنے والا ادارہ ظاہر کیا جائے۔
زرداری

ای پیپر-دی نیشن