• news

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے روس متحرک

اسلام آباد ( شفقت علی /دی نیشن رپورٹ) با خبر ذرائع کے مطابق روس پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے متحرک ہے۔ وزارت خارجہ کے سینئر افسروں نے ’’ دی نیشن‘‘ کو بتایا ہے کہ روس چاہتا ہے پاکستان اور بھارت اپنے درمیان لڑائی والا ماحول ختم کریں اور تنازعات کو پر امن طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ تعلقات بڑھ رہے ہیں، انہیں جنوبی ایشیا میں کشیدگی پر تشویش ہے اور ہم پر بھارت سے مذاکرات کے لئے دبائو ڈال رہے ہیں ، اعلیٰ افسر نے مزید بتایا کہ ہم نے ماسکو کو بتا دیا ہے کہ ہم مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں اور یہ بھارت ہے جو امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ واضح رہے پاکستان اور بھارت روس میں ستمبر میں ہونے والی فوجی مشقوں کا حصہ ہوں گے، چین بھی ان مشقوں میں حصہ لے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کشیدگی سے پاک جنوبی ایشیا کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن