پورٹ قاسم اتھارٹی میں میرٹ کی دھجیاں‘ اہل افسر ترقی سے محروم
کراچی (علی عباس) پورٹ قاسم اتھارٹی میں افسران کی اگلے عہدوں پر ترقی میں اہل اور قابل افسران کو نظر انداز کر دیا گیا۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی نے بعض ایسے افسران کو گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو اس عہدے کے اہل نہیں اور بعض کو سپریم کورٹ نے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا ان افسران نے ملازمت حاصل کرتے وقت تجربے کے جعلی سرٹیفیکٹ جمع کروائے تھے۔ ذرائع کے مطابق بعض افسران کو کئی سال پہلے ملازمتیں ان کی ڈگریوں سے ہٹ کر اور قواعد ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے دی گئی تھیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ افسران کو ترقی دینے کے حوالے سے بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتہ ہونے کا امکان ہے اس حوالے سے جو فہرست تیار کی گئی ہے اس میں کئی افسران ایسے ہیں جو گریڈ 20 کیلئے اہل نہیں ہیں۔