• news

الیکشن کیلئے فنڈریزنگ کا افتتاح، عوام سے نوٹ، سپورٹ، ووٹ کی اپیل ہے: سرا ج الحق

لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں فنڈریزنگ مہم الیکشن 2018 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں قوم ، خصوصاً مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور کرپشن سے پاک قیادت کے انتخاب کے لیے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور باکردار قیادت کو منتخب کرانے اور کرپٹ و بددیانت لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے الیکشن 2018 ء میں بھر پور حصہ لیا جاسکے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام سے نوٹ ، سپورٹ اور ووٹ کی اپیل کرتاہوں۔ تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ، سید وقاص جعفری ، ناظم مالیات بشیر احمد عارف ، نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجو د تھے ۔سراج الحق نے سب سے پہلے خود فنڈ دے کر ناظم مالیات سے رسید حاصل کی ۔ امیر جماعت نے کارکنوں بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں خود بھی دل کھول کر حصہ ڈالیں اور اپنے ارد گرد محلوں ، مارکیٹوں اور بازاروں میں اہل خیر ، دکانداروں اور تاجروں سے بھی فنڈ جمع کریں ۔علاوہ ازیں سراج الحق نے کراچی میں جماعت اسلامی کے دفتر پر حملے اور کارکنوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کراچی کا امن تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کارکن صبر اور حوصلے کے ساتھ پر امن رہتے ہوئے حالات کا مقابلہ کریں ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خاموشی قابل مذمت ہے، سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کو فون کر کے خیریت دریافت کی۔ جمعیت علماپاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورت حال، آئندہ انتخابات ، متحدہ مجلس عمل کی تنظیمی اور سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ سراج الحق نے پیر اعجاز ہاشمی کو گلدستہ پیش کیا اور جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔ دونوں رہنماوں میں اتفاق پایا گیا کہ ایم ایم اے نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کے لئے سیکولر ازم کا راستہ روکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن