قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والوں کیخلاف درخواست‘ ہائیکورٹ کا فل بنچ کل سماعت کریگا
لاہور +قصور (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) قصور میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے سماعت کے لئے فل بنچ کو بھجوا دیا۔ ڈسٹرکٹ قصور بار کے صدر مرزا نسیم کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 13 اپریل کو قصور میں کشمیر چوک پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مقامی ایم این اے اور ایم پی اے نے کی۔ قائدین اور کارکنوں نے عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز تقاریر اور نعرے بازی کی۔ درخواست گزار کیمطابق عدلیہ کیخلاف احتجاج اور ریلی سوچی سمجھی سازش کے تحت کرائی گئی لٰہذا ایم این اے ، ایم پی اے، چیئرمین اور وائس چیئرمین کو نااہل کیا جائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم فل بنچ کل سماعت کرے گا۔