• news

ہزارہ برادری دھرنا ختم کر دے، احسن اقبال: آرمی چیف کے آنے تک نہیں کرینگے، صوبائی وزیر

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ ) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن سرگرم ہے دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ،ہزارہ برادری کے خلاف دہشت گردی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کی رات بلوچستان اسمبلی کے سامنے صوبائی وزیرسید رضا آغا کی قیادت میں احتجاج کرنے والے ہزارہ برادری کے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزارہ کمیونٹی کے جاں بحق افراد پر دکھ ہوا ماضی کی نسبت آج ہزارہ کمیونٹی پر حملوں میں کافی کمی آئی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائیگی سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائے گی۔ ہزارہ برادری قومی اداروں پر اعتماد کریں۔ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دشمن کا مقصد سی پیک کو سبوتاژ کرنا ہے دشمن ہماری صفوں میں نفرت پھیلاکر انتشار کی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے ملک کے علماء نے دہشت گردوں کو غیر مسلم قرار دیا ہے دہشت گردوں کا کوئی قوم اور مذہب نہیں۔ وزیر داخلہ نے بلوچستان اسمبلی کے باہر ہزارہ برادری سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی، صوبائی وزیر سید محمد رضا نے کہا کہ ہزارہ برادری آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے آنے تک نہیں اٹھے گی۔ علاوہ احسن اقبال نے مدارس کے جملہ مسائل کے حل اور علماء کرام کی شکایت کے ازالے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے لئے ملک بھر میں ایک طریقہ کار کی تشکیل اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور ، مدارس کے اکائونٹس مالی نظام کی شفافیت کا ذریعہ بنیں گے اس لئے مدارس کے اکائونٹس کھولنے میں ٹال مٹول کے بجائے تعاون کیا جائے ، رجسٹرڈ مدارس کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے اور زکوۃ و صدقات کی وصولی کے لئے مزید کسی این او سی کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے، مدارس کے کوائف جمع کرنے کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کے عزم کا اظہار، بے گناہ علماء کرام کے نام فوری طور پر فورتھ شیڈول سے نکالے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ہزارہ برادری سے ملاقات کی جس کے بعد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اسمبلی کے باہر احتجاج ختم کر دیا‘ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے۔ دوسری طرف سپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے ٹارگٹ کلنگ کے مسئلے پر کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کر دیا اور رولنگ میں کہا کہ یہ مسئلہ ایوان میں اٹھایا گیا اس لئے ایک کمیٹی تشکیل دیتی ہوں کمیٹی احتجاج پر بیٹھے لوگوں سے ملے۔ رکن اسمبلی عارفہ صدیقی نے کہا کہ احتجاج پر بیٹھے ہزارہ برادری کے افراد کا مسئلہ حل کیا جائے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر مظاہرین کے لئے کمیٹی بنائی جانی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن