کوئٹہ: پولیس، ایف سی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا اہم رکن ہلاک، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد
کوئٹہ (آن لائن) ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، سیکٹر کمانڈرغزہ بند سکائوٹس بریگیڈئر تصور ستار نے کہا ہے کہ پولیس اور فرنٹیئر کور کے عملے نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو ہلاک کر دیا فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کور ایک جوان بھی زخمی ہوا ہے اسپلنجی اور قابو کے علاقے میں کارروائی کے دوران کیمپ سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن، دستی بم وغیرہ برآمد کر کے قبضے میں لے لئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی سی پی او آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ڈی آئی جی کوئٹہ و سیکٹر کمانڈر نے کہا ہے کہ گزشتہ 28 تاریخ سے بلوچستان کے علاقے اسپلنجی اور قابو میں کوہ مہران کے علاقے میں فرنٹیئر کور، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ ٹیموں کے ہمراہ آپریشن کر رہے تھے وہاں پر موجود دہشت گردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی اور اہلکاروں پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک فرنٹیئر کور کا اہلکار بھی زخمی ہوا جوابی کا رروائی میں کالعدم تنظیم منگھو پیر کراچی کا رہائشی مقصود احمد مارا گیا جس کی شناخت قانون نافذکرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے اس نام سے کی ہے۔