• news

عمران‘ زرداری ایک ہیں‘ اناڑی لیڈر نے 2گھنٹے برباد کئے: وفاقی وزراء

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے عمران خان چین کی ترقی کی بات کرتے ہیں۔ عمران خان چین میں پیدا ہوتے تو چین بھی کریش کر جاتا‘ عمران خان نے جلسہ میں 2011ء والی تقریر کی۔ عمران خان اناڑی لیڈر ہیں ان کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران کو پبلک آفس چلانے کا کوئی تجربہ نہیں۔ انہوں نے قوم کے دو گھنٹے برباد کئے۔ کوئٹہ جا رہا ہوں ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کروں گا۔ گوادر میں 6‘ 8ماہ میں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ پاکستان کو 2025ء تک ٹاپ 25معیشتوں میں لائیں گے‘ اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو راغب کریں گے۔ وزیراعظم عنقریب مدارس کیلئے قومی پیکیج کا اعلان کریں گے‘ کچھ شرپسند عناصر تعصب کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا لاہور کا جلسہ پچھلے جلسوں سے آدھا تھا ٗلاہور جلسے کے دوران رقص اور عورتوں سے بدتمیزی ہو رہی تھی ٗ لوگوں کو بے وقوف نہ سمجھا جائے۔ دن بدن لوگ عمران خان کے جلسوں سے نکل رہے ہیں، جو گیارہ نکات لاہور میں سنائے‘ بہتر ہوتا اس پر خیبر پی کے میں عمل کیا جاتا مگر ایسا نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا جن لوگوں نے عمران خان کو لاہور جلسے میں دو لاکھ لوگوں کا مجمع جمع کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا ان کو مایوسی ہوئی، اتنے لوگ جمع نہیں ہو سکے، عمران خان ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار یعقوب خان ناصر نے کہا عمران خان نے لاہور میں جو 11 نکات پیش کئے، ان پر خیبرپی کے میں عمل کرنے سے کس نے روکا ہے، اب کے پی کے کی کیا حالت ہے، سب کے سامنے ہے، اگر صوبے کو ترقی دیتے تو قوم دعا دیتی۔ آن لائن کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا عمران خان کے جلسے میں دو نہیں ایک کا نعرہ بالکل ٹھیک تھا کیونکہ عمران خان اور آصف زرداری دو نہیں ایک ہیں، ایک صدر اور دوسرا وزیر اعظم کا امیدوار ہے۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ ن خیبر پی کے کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے پورے پاکستان سے لوگوں کو بلاکر 50کروڑ روپے لگاکر بھی سونامی پلس کی جگہ ناکام ترین جلسہ کیا۔ تحریک انصاف میوزیکل بینڈ بن گئی ہے‘ مینار پاکستان پر جلسہ نہیں نئی گیتوں کی لانچنگ سرمنی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن