رانی پور: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ڈاکو کی شناخت، عام نشئی نکلا، والدہ کا احتجاج
رانی پور/ خیرپور(نامہ نگاران) رانی پور میں پولیس کی جانب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جسکی شناخت شہزاد کلہوڑو کے نام سے ہوگئی ہے جس سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والا شخص جرائم پیشہ نہیں بلکہ ایک فقیر صفت انسان اور ہیروئنچی تھا۔ ہلاک ہونے والے شخص شہزاد کلہوڑو کی والدہ نور جہاں اور دیگر ورثاء نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ شہزاد نشے کا عادی تھا گزشتہ رات گئے مسلح افراد نے گشتی پولیس پر فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے اسے مسلح شخص سمجھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں شہزاد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔نوجوان کے ورثاء نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پولیس واقعہ کے بعد خانہ پوری کررہی ہے، اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے شہریوں کو تنگ کررہی ہے۔ مقتول کے ورثاء نے وزیر اعلی سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی اعلی سطح تحقیقات کرواکے ملوث قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے بصورت دیگر خیرپور پولیس کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔