ایران میں احتجاجی پیغامات کے لیے کرنسی نوٹوں کا استعمال
تہران (بی بی سی) ایران میں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کے بعض صارفین کرنسی نوٹوں پر نعرے لکھ کر احتجاجی پیغامات پھیلا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’کرنسی نوٹ ہمارا وہ میسنجر ہے جسے سینسر نہیں کیا جا سکتا۔‘ انھوں نے ایسا ایران میں پیغامات بھیجنے کے لیے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپ ٹیلی گرام کو مکمل طور پر بند کرنے کی خبروں پر کہا ہے۔ کرنسی نوٹوں پر درج نعروں میں ’میں ایک تختہ الٹنے والا ہوں‘ جیسے نعرے بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بعض نعرے تو وہی ہیں جو گذشتہ سال حکومت مخالف بڑے مظاہروں کے دوران لگائے گئے تھے۔دسمبر میں مظاہرین ملک کی معاشی اور سماجی صورتحال پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ ان مظاہروں کے دوران ٹیلی گرام کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ واحد ایسی ایپ تھی جس کے ذریعے لوگ مظاہروں کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے اور آگے پہنچاتے تھے۔