پی ٹی ایم کا ایجنڈا واضح‘ دشمن سن لیں قوم وردی والوں سے محبت کرتی ہے: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نسل در نسل حکمرانی کرنے والوں کا ملک پر قبضہ اور غلبہ ختم ہونے والا ہے۔ الیکشن کے بعد ن لیگ تانگہ پارٹی بن جائے گی۔ دشمن سن لیں پاکستانی قوم خاکی وردی سے پیار کرتی ہے۔ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ روکی جائے۔ ہزارہ برادری مسلسل ظلم اور دہشت گردی کا شکار ہے۔ پاکستانی پرچم لانے والے کو جلسے سے نکالنے سے پختون تحفظ موومنٹ کی ملک دشمنی بے نقاب ہو گئی۔ پاکستان کے دشمن پاکستان کو دہشت گردی کی نئی جنگ میں جھونکنے کے لئے سرگرم ہو چکے ہیں۔ الیکشن میں پاناما، کرپشن اور ختم نبوت جیسے ایشوز اہم کردار ادا کریں گے۔ حکومت کی قرضوں پر انحصار کی پالیسی نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ خود کفالت کے بغیر قومی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی محتاجی قوم کا مقدر بنا دی ہے۔ احتساب عدالت کے فیصلے کا دن قریب آتے ہی نواز شریف کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ انتخابی معرکے کا اصل میدان پنجاب میں لگے گا۔ الیکشن 2018 سیاسی فرعونوں اور معاشی دہشت گردوں کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ عوام اس بار ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کرے گی۔