عدلیہ کا فعال کردار معاشرے کیلئے نیک شگون ہے: محمد ناصر اقبال
لاہور (پ ر) ہیومن رائٹس موومنٹ انٹرنیشنل کے مرکزی صدر محمد ناصر اقبال خان چیف آرگنائزر میاں محمد سعید کھوکھر‘ محمد رضا ایڈووکیٹ‘ تنویر خان‘ محمد اشرف عاصمی‘ ندیم اشرف‘ سلمان پرویز‘ ناصر چوہان ایڈووکیٹ‘ ممتاز اعوان‘ محمد شاہد محمود‘ یونس ملک‘ محمد جمیل گوندل‘ سرفراز خان نیازی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا فعال کردار معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراونی کیلئے نیک فال ہے۔ شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کا بیڑہ اٹھانیوالے باضمیر جج حضرات قابل قدر ہیں آزاد عدلیہ کے متحرک‘ منظم اور موثر کردار سے لٹیروں کے محلات میں صف ماتم بچھ گئی عوام کی عدلیہ سے توقعات مزید بڑھ گئیں ہیں وہ عدلیہ کے اختیارات میں مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔ بے رحم احتساب کے نتیجہ میں یقیناً مزید کئی چوروں کو تاحیات انتخابات سے باہر ہونا پڑیگا۔ آنے والے دنوں میں ’’تاحیات نااہلی کلب‘‘ کی ممبر شپ مزید سیاستدانوں کا مقدر بنے گی۔ ہماری سیاست بدعنوانی اور بدانتظامی کی متحمل نہیں ہو سکتی‘ قومی سیاست سے بدزبان اور بدعنوان عناصر کا صفایا کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کرنا ہو گا۔