گندی زبان رانا ثناء اللہ کا وطیرہ بن چکا‘ تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع‘ معافی اور استعفیٰ تک اجلاس نہیں چلنے دینگے: محمود الرشید‘ پی پی‘ عوامی تحریک کی بھی مذمت
لاہور (خصوصی نامہ نگا) تحریک انصاف نے رانا ثناء اللہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی۔ جس میں کہا گیا سیاسی مخالفین کے خلاف گندی زبان رانا ثناء اللہ کا وطیرہ بن گیا ہے۔ خواتین کے خلاف رانا ثناء اللہ کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کو وزارت سے ہٹا کر بازپرس کی جائے۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے خواتین سے متعلق رانا ثناء اللہ کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معذرت تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صوبائی وزیرقانون سے استعفیٰ لیا جائے۔ رانا ثناء کے استعفیٰ اور خواتین سے معافی مانگنے تک پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہیں چلنے دینگے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنمائوں مراد راس‘ صدیہ سہیل رانا‘ نوشین حامد‘ عالیہ نمرہ‘ ملک مسرت‘ جمشید چیمہ‘ عظمیٰ کاردار‘ سیمی بخاری‘ شہباز خان‘ عائشہ نعیم‘ صائمہ شوکت‘ فاطمہ عثمان‘ ڈاکٹر یاسمین راشد‘ عندلیب عباس‘ شہلا روت‘ علیم خان‘ شعیب صدیقی‘ولید اقبال نے وزیر قانون کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خواتین کی توہین اور تذلیل (ن) لیگ کی گھٹی میں شامل ہے۔ عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہبازشریف ’’معافی مانگنے‘‘ کا ڈرامہ کرنے کی بجائے خواتین کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس ادا کرنے پر وزیر لا قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو ان کے عہدے سے برطرف کریں۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر عورت کو عزت دو کا سلوگن ٹاپ ٹرینڈ میں رہا۔