میاں صاحب کی گیم سب جانتے ہیں‘ بلاول: پٹرول قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے‘ زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ یوم مزدور پر شکاگو کے شہید مزدوروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ٹریڈ یونینیز کو پیپلز پارٹی کے دور میں بحال کیا گیا۔ بجٹ میں مزدوروں کیلئے کچھ نہیں اس لئے اس پر تنقید کی۔ پیپلز پارٹی نے پنشن میں اضافہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری کی سازش کر رہی ہے۔ مزدوروں اور صنعتوں کیلئے 14 قانون سازیاں کی گئیں۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے مزدوروں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہو۔ یہ پاکستان سٹیل کو گیس نہیں دے رہے، ملازمین کو پنشن، تنخواہیں نہیں دے رہے، ذوالفقار علی بھٹو پہلے لیڈر تھے جنہوں نے مزدوروں پر کام کیا۔ سندھ حکومت نے مزدوروں کیلئے سب سے زیادہ قوانین منظور کئے۔ ن لیگ مزدوروں کیلئے کوئی بات نہیں کرتی اس کی مذمت کرتے ہیں ہماری مرکزی توجہ ٹریڈ یونین پر ہوگی۔ سندھ حکومت واحد ہے جس نے لیبر پالیسی کا اعلان کیا۔ بانڈڈ لیبر ختم کرنے کیلئے بہت کام ہوا لیکن کافی نہیں۔ خواتین کے حقوق کیلئے پیپلز پارٹی سب سے زیادہ کام کرتی آرہی ہے۔ بجٹ میں مزدوروں کیلئے کوئی سکیم نہیں ہے۔ سب جانتے ہیں میاں صاحب کیا گیم کھیل رہے ہیں۔ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی حقوق بڑھانا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم فکر نہ کرے کراچی کے ہر ضلع میں جلسہ کروں گا۔ ایم کیو ایم پہلے سانحہ بلدیہ کا تو جواب دے۔ ایم کیو ایم کا ہر دھڑا پیپلز پارٹی کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ آج کے دن ایم کیو ایم کو مزدوروں کے بارے میں بات کرنی چاہئے تھی پی آئی اے میں پیپلز پارٹی یونٹی کی جیت نجکاری کیخلاف ریفرنڈم ہے۔ ہم مزید اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ پیپلز پارٹی پر زائد بھرتیوں کا محض الزام ہے۔ ملک میں زائد بھرتیوں کا مسئلہ نہیں۔ ہم چاہتے ہیں اداروں میں گھوسٹ ملازمین نہ ہوں۔ یہ اداروں کی نجکاری کیلئے اوور ایمپلائمنٹ کا بہانہ بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے تیل کی قیمتیں بڑھانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں بے دریغ اضافہ آبادی کے نچلے طبقات کو بہت بری طرح سے متاثر کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت گذشتہ کئی ماہ سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی رہی ہے اور حکومت کی جانب سے عوام پر پھینکے گئے آخری پٹرول بم سے اس کے عزائم عیاں ہیں کہ وہ عوام کو پسماندگی کی دلدل میں دھکیلنا اور نچلی سطح تک معاشی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ(ن)کی حکومت امیروں کی حکومت اور امیروں کے لئے ہے اور اسی لئے امیروں کے لیئے ایمنسٹی سکیم کا اجرا کیا گیا ہے۔ غریب کو مہنگائی اور مایوسی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی خاموش نہیں رہ سکتی۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں تمام مظالم اور بے رحمی کا انتقام پاناما لیگ سے لے گی۔
لاہور+ کراچی+ اسلام آباد (خبرنگار+سٹاف رپورٹر+خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے گزشتہ روز فاٹا کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری اور مسلم لیگ (ن) فاٹا کے جنرل سیکرٹری سہیل آفریدی نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو فاٹا کو جنت کا ٹکڑا کہتے تھے۔ پیپلزپارٹی فاٹا کو خیبر پی کے کا حصہ بنانے کا اصولی فیصلہ کر چکی ہے۔ فاٹا کی ترقی سے کے پی کے میں بھی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا نہ صرف قدرتی حسن سے مالا ہے بلکہ وہاں بجلی پیدا کرنے کے وسائل بھی ہیں اور اس علاقے میں صنعتوں کا قیام بھی کیا جا سکتا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ فاٹا میں جدید طرز کے ہسپتال، کالج اور سکول تعمیر کرنے سے وہاں کے عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو جائیگا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، اخونزادہ چٹان اور پیپلزپارٹی پشاور کے صدر سعید خان بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سابق ایم این اے مجتبیٰ کھر، اوکاڑہ، علی حسنین نقوی چیئرمین بلدیہ رینالہ ملک طارق‘ فیصل گوندل نے کونسلروں سمیت ملاقات کی۔ آصف علی زرداری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نہ مزدور خوش ہیں اور نہ ہی کسان۔ کسانوں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ 2018ء کے انتخابات جیتنے کے بعد پیپلزپارٹی کی ترجیح پسماندہ علاقوں پر بھی ہوگی۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے۔ حکومت پٹرول قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ آصف زرداری نے ایک بیان میں خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بے قابو ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کم آمدنی والوں کی مشکلات بڑھیں گی۔ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انکا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ میں پٹرول کی اضافی قیمت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ مزید برآں پیپلزپارٹی کی پالیمانی پارٹی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے کمیٹی روم نمبر 5 پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔ اجلاس میں بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا جائیگا۔ صدارت قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کریں گے۔